836

حنان سائنس سکول میں سالانہ امتحانات کی پروقار تقریب کا انعقاد

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) حنان سائنس سکول ہارون آبادمیں سالانہ امتحانات کے نتائج کے موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں تقسیم انعامات کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی سینئر صحافی یاسر چوہدری تھے، تقریب میں سکول ہذٰا کی پرنسپل شمائلہ عمران،ڈائریکٹر سکول محمد عمران یوسف سمیت دیگر اساتذہ کرام، سٹاف و عملہ، طلبہ و طالبات اور والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پرسکول ہذٰا کے طلبہ و طالبات نے خوبصورت ٹیبلو بھی پیش کئے جنہیں حاضرین نے بہت پسند کئے اور خوب سراہا، مہمان خصوصی یاسر چوہدری کا کہنا تھا کہ ذہین اور قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال نئی نسل قومی امنگوں اور امیدوں کا مرکز و محور ہے اور وطن عزیز کی ترقی کے لئے بچوں کی سائنسی بنیادوں پر تعلیم و تحقیق نہایت اہم اور ناگزیر ہے کیونکہ دنیا میں انہی قوموں نے ترقی کی ہے جنہوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کیا اور اعلیٰ تعلیم ہی دنیا میں بقا اور عزت و عظمت کا واحد راستہ ہے۔

جبکہ پرنسپل شمائلہ عمران نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے ہمہ وقت کوششوں کو وژن بنا کر اس شعبے کو اختیار کیا گیا ہے کیونکہ ملک و قوم کی خدمت کا اس سے بڑھ کر کوئی اور طریقہ ممکن نہیں ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ دیگر تمام شعبوں کے لئے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل افراد براہ راست تعلیم کے ذریعے ہی تیار کیے جاتے ہیں۔

ڈائریکٹر سکول محمد عمران یوسف کا کہنا تھا تعلیم یافتہ قوم ہی ترقی یافتہ ملک کی بنیاد ہے اور اپنی قوم کے ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا مشن قومی مشن ہے اور اس پر پورے جوش و جذبہ سے گامزن رہیں گے، تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی سینئر صحافی یاسر چوہدری نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں