ہارون آباد (عوامی پریس کلب) محکمہ فوڈپی آر سنٹر ہارون آباد کے عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے ناقص مضر صحت اور پھپھوندی لگی ہزاروں من گندم خریدی جانے کا انکشاف،شہریوں کا اے ایف سی پر کرپشن کا الزام،اے ایف سی ہارون آباد نے لاکھوں روپے رشوت لے کرہزاروں من ناقص اور مضر صحت گندم کو کلیئر کر دیا،الزامات کو مسترد کرتا ہوں مجھے ڈسٹرکٹ فود کنڑولر نے کاروائی کرنے سے روکا ہے،اے ایف سی خادم فراز کا موقف،میں نے اے ایف سی کو نہیں روکا قانون کے مطابق کاروائی ہوگی،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹروکر عابد کمال کا موقف ،شہریوں کا اعلی حکام سے نوٹس لے کر کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق غلہ منڈی ہارون آباد میں محکمہ فوڈ کے تھیلوں میں پھپھوندی لگی ہوئی ناقص اور مضر صحت گندم کی بھرائی اور مبینہ طور پر محکمہ فوڈ کو سپلائی کا معاملہ سامنے آگیا ہے.غلہ منڈی ہارون میں اس قسم کی ناقص گندم محکمہ فوڈ کے تھیلوں میں بھرائی سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ ملی بھگت کے ذریعے یہ کام کیا جا رہا تھا.
اور یہ ناقص گندم محکمہ فوڈ کی خریداری مہم کے دوران سپلائی کی جا رہی تھی.اس موقع پر اے ایف سی محکمہ فوڈ بھی رابطہ کرنے پر پہنچ گئے اور انہیں ساری صورتحال دکھائی گئی اور انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اس طرح کی ناقص گندم محکمہ فوڈ کے عملہ کی ملی بھگت سے پی آر سنٹر میں بھجوائی گئی ہے۔
شہری ناصر علی،محمد اکرم،محمد شہباز،قاسم علی و دیگر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی متعدد بار محکمہ فوڈ کے عملہ کو آگاہ کیا ہے ناقص گندم غلہ منڈی سے تھیلوں میں بھر کے پی آر سنٹر بھجوائی جارہی ہے جس کا اے ایف سی نے کوئی نوٹس نہ لیا اورمبینیہ طور پر لاکھوں روپے رشوت وصول کر کے اس ناقص اور مضر صحت گندم کو کلیئر کر دیا شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی آر سنٹر ہارون آبا د میں موجود گندم کی چیکنگ کروائی جائے اور ناقص گندم بیچنے اور خریدنے والوں کو کڑی سزا دی جائے۔
دوسری جانب اے ایف سی خادم فراز نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے منع کیا ہے جو ناقص اورمضر صحت گندم پکڑی گئی ان کے خلاف کاروائی نہ کریں جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عابد کمال کا کہنا ہے کہ میں نے کسی کو منع نہیں کیا کچھ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے کاروائی لیٹ ہوئی ہے ان کے خلاف کاروائی ضرور ہوگی۔شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب،وزیر خوراک،کمشنر بہاولپور،ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے فی الفور نوٹس لے کر محکمہ فوڈ میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے۔
