344

طالبان افغانستان پر قبضہ کرنہیں رہے بلکہ وہ تو قبضہ چھڑا رہے ہیں

ہارون آباد(عوامی پریس کلب) پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ وسابق وفاقی وزیر محمداعجازلحق نے کہاہے کہ طالبان افغانستان پر قبضہ کرنہیں رہے بلکہ وہ تو قبضہ چھڑا رہے ہیں۔ جہادافغانستان کی بنیاد جنرل ضیاء الحق شہید نے رکھی، اسی کی بدولت ہی پاکستان ایٹمی قوت بنا۔ چندہفتوں بعد اشرف غنی سمیت سب بھاگ جائیں گے، طالبان پہلے ترک فوج کیساتھ نہیں لڑتے تھے، امریکہ کے جانے کے بعد اگر وہاں ترک فوجی رہے توطالبان لحاظ نہیں کرینگے۔

برطانیہ اورروس کی شکست کے باوجود امریکہ افغانستان میں آیا اور اب وہ بھی منہ چھپا کر بھاگ رہاہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کو2سال ہوچکے، اب بھی وہاں جلسے وجلوسوں میں پاکستان کے جھنڈے لہراتے اورنعرے لگتے ہیں۔ 14اگست کو یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کی روایت بھی 1982-83ء میں جنرل ضیاء الحق نے شروع کی۔ 17اگست کو ملک بھر سے قافلے شہدائے بہاولپور کایوم شہادت منانے کیلئے فیصل مسجد اسلام آباد پہنچیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضیاء الحق شہیدفاؤنڈیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم شہدائے بہاولپور کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر انوارالحق، محمداسماعیل قریشی، خان عبداللہ خان اورچوہدری غلام ربانی نے بھی خطاب کیا۔ محمداعجازالحق نے کہاکہ 33برس سے لوگ شہدائے بہاولپور کی دعائیہ تقریب میں آرہے ہیں، اب کورونا اور مہنگائی کے باعث لوگ اپنے اپنے شہروں میں دعائیں اور قرآن مجید کے ختم شریف پڑھ رہے ہیں، 17اگست کو جنرل ضیاء الحق شہید کے مزار پر جمع ہونے کامقصد یہ پیغام دینا ہے کہ ملک کو اسی ڈگر پر چلائیں گے جس کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دی ہیں۔

جنرل ضیاء الحق نے پاکستان میں نفاذ اسلام کی بنیاد رکھی، ملک کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنایا، ویسٹ کوٹ اورشلوارقمیض کاکلچر عام کیا، دفاتر مین نماز شروع کرائی اورآج کوئی پٹرول پمپ بھی اس وقت تک نہیں بن سکتا جب تک نماز کی جگہ مختص نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ اب طالبان بہت میچور ہیں، طالبان کی حکومت آئی تو وہ بچیوں کوتعلیم دیں گے، ہسپتالوں میں لیڈی ڈاکٹروں کوعزت دینگے، اقلیتوں کو زیادہ تحفظ ملے گا۔ اعجازلاحق نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ میں کہاکہ دہشت گرد مارگلہ تک پہنچ چکے ہیں اورفوج کس بات کاانتطار کررہی ہے؟ جب فوج نے پیشرفت شروع کی تو انہوں نے مخالف بیانات شروع کردئیے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کا جلد مکمل ہونا ضروری ہے اس سے پاکستان خوشحال ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں