143

پاکستان مسلم لیگ(ضیاء) اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین چشتیاں میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر انتخابی اتحاد۔

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) پاکستان مسلم لیگ(ضیاء) اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین چشتیاں (بہاولنگر)میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر انتخابی اتحاد طے پاگیا، پی ٹی آئی کے امیدوارملک مظفردونوں جماعتوں کے متفقہ امیدوار ہونگے،پاکستان مسلم لیگ(ض)کے امیدوارکاشف ثناء نے پارٹی فیصلے کے مطابق انکی حمایت کردی۔

واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے میاں کاشف کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ضیاء) کے سربراہ محمداعجازالحق کی سربراہی میں پارٹی وفد نے بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ مسلم لیگ(ضیاء) کے وفد میں اعجازالحق کے ہمراہ صوبائی اسمبلی کے امیدوار کاشف ثنا،فورٹ عباس سے امیدوار نعمان جاوید، سابق ایم پی اے چوہدری مرتضیٰ اور عظیم عقیل گوہیرشامل تھے۔

جبکہ ملاقات میں پی ٹی آئی کے چیف وہیب عامرڈوگر، سابق وزیراطلاعات فوادچوہدری، پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدرعون پبی اورسردار سمیع بھی موجودتھے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں انتہائی کامیاب جلسے اور اپنے سندھ کے آئندہ دورے کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع اعجازالحق نے لاہور کے کامیاب جلسے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کریں گے اور مسلم لیگ(ضیاء) کے کاشف ثناء چشتیاں کے حلقے میں کورنگ امیدوار ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہورہی ہیں جبکہ موجودہ حکومت پٹرول مہنگا کررہی ہے کیونکہ انہوں نے اقتصادی معاملات اس قدر خراب کردئیے ہیں کہ ایک بار عوام کو ریلیف دینے کاڈرامہ کرنے کے بعد پھر شہریوں کی جیب پر ڈاکہ مارنا شروع کردیاہے۔ اعجازالحق نے کہاکہ تمام بحرانوں کاواحد حل فوری اورشفاف انتخابات ہیں، اگر جلد الیکشن کااعلان نہ کیاگیا تو خدانخواستہ حالات سری لنکا سے بھی بدتر ہوسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں