905

وزیراعظم پاکستان کا زرعی ایمرجنسی پروگرام برائے گندم

ہارون آباد (عوامی پریس کلب ) ہارون آباد تحصیل میں وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام برائے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے لئے جاری دس روزہ آگاہی مہم اختتام پذیر ہوگئی، مہم کا اختتام ایک ریلی کی صورت میں کیا گیا جس میں محکمہ زراعت توسیع کے آفیسران، سٹاف و عملہ اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام برائے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبا و طالبات اور محکمہ زراعت (توسیع) ہارون آباد کی باہمی کوشش سے روڈ شو ریلی آگاہی کا انعقاد کیا گیا،ریلی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر توسیع چوھدری لطیف اللہ سمیت زرعی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی احاطہ محکمہ زراعت سے شروع کر ہوکر بنگلہ روڈ، قائداعظم روڈ سے ہوتے ہوئی محکمہ زراعت کے احاطہ میں آکر اختتام پذیر ہوئی، اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر توسیع چوھدری لطیف اللہ کا کہنا تھا کہ اس دس روزہ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تقریباً پونے دو سو کے قریب طلبا و طالبات نے زرعی توسیعی عملہ کے ساتھ ملکر دن بھر کسانوں کے ساتھ مصروف عمل رہے۔

اس سلسلہ میں روڈ شوز کے ساتھ ساتھ گندم کی جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے تیار کردہ تشہیری مواد گھر گھر تقسیم کرنے کیساتھ ساتھ دیگر سیمینار میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے نہ صرف نوجوان طلبہ کو کسانوں کے عملی اقدامات سے ہم آہنگ ہونے کا موقع میسر ہوا بلکہ کلاس روم اور لیبارٹریز سے نکل کر زمینی حقائق کا ادراک بھی حاصل ہوا۔انہوں نے مزیدکہا کہ قوم کے بیٹے بیٹیاں اپنے اساتذہ کے ہمراہ وطن کی مٹی سے محبت کا قرض چکانے کے لئے جس طرح فیلڈ میں نکلے ہیں اس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں