643

انٹر میڈیٹ کے طلبہ کا جون میں امتحان منعقد کرانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ہارون آباد(عوامی پریس کلب)انٹر میڈیٹ کے طلبہ نے جون میں امتحان منعقد کرانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا. انٹرمیڈیٹ کے طلباء نے بلدیہ ہارون آباد کے دفتر کے سامنے جمع ہو کر احتجاج کرتے ہوئے امتحان کے انعقاد کو ناانصافی قرار دیا.

احتجاجی مظاہرہ میں طلباء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امتحان کے انعقاد کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کے مطابق امتحان کی تیاری کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور اپنے مطالبات کے حق میں طلباء نے بھرپور نعرے بازی کی

.طلباء عبد الباسط،احسن،محمد عزیر،ہنزلہ،عبد المعیز،عزیز حسین۔مومن شاہ،ابریز،راؤ احمد،مون فراز و دیگر نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحان ان کے کیریئر کا نہایت اہم مرحلہ ہے اور اسی امتحان کی بنیاد پر ان کے مستقبل اور کیریئر کا دارومدار ہے. حکومت نے کرونا کے باعث کالجز طویل عرصے تک بند رکھے اور انہیں امتحان انٹرمیڈیٹ کی تیاری کے لئے مناسب وقت نہیں مل سکا ہے۔

اور اب اچانک ہی جون میں امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس سے طلباء میں شدید پریشانی پائی جاتی ہے کیونکہ انٹرمیڈیٹ امتحان کے لیے ایک بھرپور تعلیمی دورانیہ کی اشد ضرورت ہوا کرتی ہے اور امتحان کی تیاری کے مناسب مواقع فراہم نہ کرنے سے طلباء کے تعلیمی کیریئر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے.

وزیر اعظم،وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر تعلیم پنجاب اس سلسلے میں فوری نوٹس لے کر طلباء کے اس اہم ایشو کو حل کر تے ہوئے امتحان کو ستمبر اکتوبر تک ملتوی کر نے کا اعلان کریں تاکہ انٹرمیڈیٹ کے طلباء کو تیاری کا مناسب وقت میسر آسکے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں