ہارون آباد (عوامی پریس کلب ) ہارون آباد مہنگائی کی ماری عوام کے لئے بُری خبر، بجلی گیس کے بل وصول کرنے والے فرنچائزروں نے فی بل 10روپے اضافی چارجز وصول کرنا شروع کردیا ہے، شہریوں نے اضافی چارجزکو ظلم و ستم کے مترادف قراردیکر اعلیٰ حکام سے اس بابت فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق ہارون آباد سمیت ملک بھر میں بجلی و گیس کے بل وصولی کے لئے نجی فرنچائزڈ کو اختیار دئیے گئے تھے اور متعلقہ محکمہ جات نے انہیں معقول کمیشن طے کر رکھا ہے، لیکن اس کے باوجود متعلقہ افراد نے فی بل دس روپے اضافی چارجز وصول کررہے ہیں جو کہ غریب عوام کیساتھ ظلم و ستم کے مترادف ہے، شہریوں وقاص، عمر، ابراہیم، سمیر و دیگر کا کہنا تھا کہ غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے رہی سہی کسر نجی فرنچائزڈ والوں نے پوری کردی ہے کہ فی بل وصول کرنے پر دس روپے اضافی چارجز لے رہے ہیں جوکہ ظلم و ستم کے مترادف ہے،غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اس بابت فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔







