حرا سائنس ایجوکیشنل کمپلیکس میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے اور بہاولپور بورڈ کے سالانہ امتحانات 2025 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب کا مقصد نہ صرف یومِ آزادی کا جشن منانا تھا بلکہ ان ہونہار طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا بھی تھا جنہوں نے محنت، لگن اور عزم کے ساتھ تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد عابد سرور کھوکھر اور سربراہ وائٹل گروپ آف کمپنیز حاجی محمد سعید تھے جبکہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔
تقریب میں بہاولپور بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عائشہ طاہر کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کالج کی جانب سے عائشہ طاہر کو 50ہزار روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ وائٹل گروپ آف کمپنیز اور دیگر کی طرف سے بھی عائشہ کو کیش انعامات اور ٹرافی سے نوازا گیا پرنسپل محمد ارشد علی نے عائشہ طاہر کو پڑھانے والے اساتذہ کی تعریف کی او ایوارڈز دیے بلکہ تمام ٹیچرز کے لیے کیش انعامات کا بھی اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حرا سائنس کالج کا مقصد صرف امتحانی کامیابی نہیں بلکہ کردار سازی اور ہمہ جہتی تربیت کے ذریعے طلبہ کو ایک بااعتماد اور کامیاب انسان بنانا ہے۔شرکاء نے تقریب کو تعلیمی میدان میں ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے ادارے کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرامز نہ صرف طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ دیگر اداروں کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہیں۔








