725

بلدیاتی اتحاد“ پنجاب کنونشن کا انعقاد“

ہارون آباد(عوامی پریس کلب)ہارون آباد میں بلدیاتی اتحاد“ پنجاب کنونشن انعقاد،کنونشن کا انعقاد چیئرمین میونسپل کمیٹی ہارون آباد حاجی محمد یٰسین کی جانب سے کیا گیا،کنونشن میں مسلم لیگ ضیاء کے صوبائی صدر و سابق پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی چوہدری غلام مرتضیٰ سابق ایم پی اے نے خصوصی طور پر جبکہ پنجاب بھر سے مئیرز۔ڈپٹی مئیرز۔چئیرمینز وائس چئیرمینز نے بھی شرکت کی۔

لاہور کے مئیرکرنل (ر) مبشر جاوید، عقیل نجم ہاشمی بہاولپور، ظفر عالم گورمانی ڈیرہ غازی خان، میاں اعجاز عامر رحیم یار خان، چودھری محمد شفیق صادق آباد، عبدالزاق رامے چشتیاں،اشفاق رامے حاصل پور، اسرار پراچہ منچن آباد، سید قلندر حسین شاہ بہاولنگر، جاوید اقبال فورٹ عباس، رانا عاطف بہاولنگر، ملک ریاض خلجی سمیت پنجاب بھر سے مئیر، ڈپٹی مئیر، چیئرمین، وائس چیئرمینوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

چوہدری غلام مرتضی سابق ایم پی اے نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت اور جمہوری نظام میں قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلیوں کی طرح بلدیاتی اداروں کی اہمیت اور افادیت اور فعال و متحرک طور پر عمل پذیر ہونا ایک لازمی اور ناگزیر پہلو ہے اور جمہوری اقدار کا تقاضا ہے کہ بلدیاتی نظام کو منتخب بلدیاتی قیادت کے ذریعے رواں دواں رکھا جائے.

چیئرمین میونسپل کمیٹی ہارون آباد حاجی محمد یٰسین نے کہا کہ پنجاب کے تقریباً ساٹھ ہزار کے لگ بھگ بلدیاتی منتخب نمائندے عوامی مینڈیٹ کے تحت بلدیہ کے ایوانوں میں پہنچے ہیں اور ان کی معینہ مدت پوری کرنا جمہوری اور قانونی تقاضا ہے. سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کی بحالی بھی آئینی پہلو کے تناظر میں کی جسے پنجاب بھر میں بھرپور عوامی پذیرائی حاصل ہوئی. قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی طرح بلدیاتی اداروں کی مدت پوری کرنے کا آئینی حق عوامی مطالبہ اور جمہوری عمل کا ناگزیر حصہ ہے

سپریم کورٹ کے تاریخ ساز فیصلہ کے بعد بلدیاتی اداروں کو ان کے آئینی حق سے مسلسل محروم رکھنا سراسر عوامی مینڈیٹ کی نفی کرنے کی سوچ ہے جسے عوام ناپسند کرتے ہیں. حکومت کو بلدیاتی اداروں کی بحالی کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن کا اجراء کیا جائے اور معطلی کا دورانیہ بھی پورا کرانے کے لئے اس عرصے کو مدت میں بڑھا کر عوامی رائے کے احترام کی پالیسی اختیار کی جائے کیونکہ یہی حقیقی عوامی جمہوریت کا استحکام اور ترقی کی دلیل ہے۔

لاہور کے سابق مئیرکرنل (ر) مبشر جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ آف پاکستا ن کے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے تاریخ ساز فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندگان کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرے، کیونکہ بلدیاتی نمائندگان پنجاب کے 12کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، ’بلدیاتی اتحاد“ پنجاب کنونشن میں مئیر بہاولپور عقیل انجم ہاشمی نے قرار داد پیش کرتے ہوئے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ پاکستان سے اپیل کی کہ وہ ہماری دائر کردہ توہین عدالت کی پٹیشن کی جلد سماعت کرے اور اپنے تاریخ ساز فیصلے پر حکومت سے عملدرآمد کراکہ پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی قائم کرے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں