297

مرکزی جامع مسجد ہارون آباد میں مشترکہ کھلی کچہری کا انعقاد

ہارون آباد (عوامی پریس کلب ) ہارون آباد مسجدوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل کے حل میں کافی بہتری آئی ہے اور عوام کھلی کچہریوں میں دی جانے والی درخواستوں کے ازالے کے حوالے سے اطمینان بخش ہیں۔

عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اور اسی جذبہ کے تحت مشن کو جاری رکھا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار نے مرکزی جامع مسجد ہارون آباد میں مشترکہ کھلی کچہری کے موقع پر عوام کے مسائل سنتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار نے حکومت پنجاب کی پالیسی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کے ویژن کے مطابق عوامی مسائل سے آگاہی اور انکے حل کیلئے گزشتہ روز مرکزی جامع مسجد میں مشترکہ کھلی کچہری لگائی اور موقع پر ہی افسران کو دادرسی کی ہدایت کی۔

کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر فضل الرحمن بلو چ، ایس ڈی پی او محمد وسیم مہر، ایس ایچ او تھانہ سٹی ابصار حسین گجر، مفتی منور سعیدی سمیت دیگر پولیس افسران، میونسپل کمیٹی و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کر کے عوامی مسائل انکی دہلیز پر حل کیے جا رہے ہیں انہوں نے درخواست گزاروں کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل سنتے ہوئے موقع پر موجود افسران کو نہ صرف دادرسی بلکہ جلد تعمیلی رپورٹ سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کھلی کچہریوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں اور محکموں کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، اوپن ڈور پالیسی کے تحت دفاتر میں ہمہ وقت عوامی شکایات سننے کیلئے دروازے کھلے رہیں گے،عوام کو صحت، تعلیم، صاف پانی اور انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سائلین کے مسائل کے حل اور انہیں انصاف کی فوری فراہمی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں