ہارون آباد (عوامی پریس کلب ) ہارون آباد یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) کے صدر یاسر چوہدری نے عوامی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے بعد اب سینیٹ سے جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری پرحکومت اور اپوزیشن جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پی ایف یو جے کے عہدیداران نے نئے منظور شدہ بل کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک کے صحافتی ورکرز کے لیے نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر عمل کیا گیا تو صحافیوں کے کئی سالوں کے مطالبات کو عملی تعبیر مل جائے گی۔ اس بل کی منظوری کے لیے پی ایف یو جے کے مرکزی صدر جی ایم جمالی، سیکرٹری جنرل رانا عظیم و دیگر عہدیداران کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہیں جھنوں نے اپنی تجاویز وفاقی وزارت اطلاعات اور دیگر اداروں کو دیں ۔
جبکہ پی ایف یو جے کی نائب صدر شہر بانو نے مختلف فورم پر اس بابت تجاویز پیش کیں جنہیں منظور کرتے ہوئے اس بل میں شامل کیا گیا تھا جو پی ایف یو جے کے لیے باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قانون سازی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب اس پر عمل درآمد کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
پی ایف یو جے نے وزیر اعظم پاکستان, وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت فرخ حبیب اور وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم پر زور دیا ہے کہ قانون کی روح کے مطابق جلد از جلد ایک آزاد کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ ملک بھر کے صحافیوں کے واجبات, ماہانہ تنخواہ کی باقاعدہ ادائیگی کے علاوہ جاب اور جسمانی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے اور صحافی برادری اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقہ سے ادا کر سکے۔








