ہارون آباد (عوامی پریس کلب ) تھانہ فقیروالی پولیس نے 60لاکھ روپے کا جعلی چیک دینے والے کیخلاف مقدمہ تو درج کرلیا، لیکن چار ماہ گزر جانے کے باوجود ملزم کو گرفتار نہ کرسکی، مدعی مقدمہ محمد سلیم ولد محمد صادق سکنہ قذافی بازار فقیروالی تحصیل ہارون آباد کے مطابق وہ مال مویشیوں کا کاروبار کرتا ہے عید قربان پر مال مویشی کراچی لیجا کر بھی فروخت کرتا رہا ہے۔
سید وحید اختر، سید دانیال عالم اور سندس وحید سکنائے بی اینڈ ڈی گیٹگری بنگلوز نیشنل سیمنٹ ایمپلائرسوسائٹی مکان نمبر 216گلشن اقبال کراچی شرقی کئی سالوں سے میری معاونت کرتے چلے آرہے تھے، الزام علیہان مورخہ 19/7/20کو فقیروالی آئے اور عید قربان مال مویشی خریدنے کی خواہش ظاہر کی، سائل نے اپنے پاس سے خرید کئے گئے مال مویشی دکھائے جس پر الزام علیہان کو دو راس بھینسے مالیتی 12لاکھ اور 38راس بیل مالیتی 48لاکھ روپے پسند آئے اور گواہان کے سامنے کل مبلغ 60لاکھ روپے میں سودا طے پایا۔
رقم کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے سید وحید اختر نے اپنی دختر سندس وحیدکے اکاؤنٹ کا چیک دے دیا جو مقررہ وقت پر کیش نہ ہوسکا، تھانہ فقیروالی پولیس نے چار ماہ قبل ملزمان کیخلاف مقدمہ تو درج کرلیا لیکن چار ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے ملزمان کو گرفتار نہ کرسکی ہے، جس پر مدعی محمد اسلم نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کی گرفتار ی کو یقینی بنایا جائے۔







