ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد میں وزیر اعظم پاکستان کی نیا پاکستان سکیم گھر بنانے کے فراڈ کا انکشاف، چیپ ہومز کمپنی کے ٹھیکیداروں کو پیسے تاحال نہ مل سکے، ٹھیکیداروں کا کمپنی مالکان کے خلاف شدید، احتجاج، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہارون آباد کے ٹھیکیداروں سمیت دیگر افراد نے چیپ ہومز کمپنی کے خلاف شدید احتجاج کیا، اس موقع پر ٹھیکیدار عادل بشیر، نصیر احمد، شمشیر علی، محمود احمد، اسد و دیگر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کی نیا پاکستان سکیم گھر بنانے کا جھانسہ دے کر چیپ ہومز کمپنی مالکان منظور احمد،عبد الحمید،عنصر عباس،سلیم خان،شاہد حسن نے ٹھیکیداروں سے چار چار لاکھ روپے سیکورٹی لی اور نواحی گاؤں چک 74فورآر میں نیچر ہومز کالونی میں پانچ پانچ مرلے کے مکانات بنوانے شروع کروائے۔
گیارہ ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن مذکورہ کمپنی کے مالکان نہ سیکورٹی واپس کررہے ہیں اور نہ ہی ہمارے میٹریل بل جوکہ تیس لاکھ روپے بنتے ہیں ادا نہیں کئے ہیں جو کہ سرا سر ظلم و زیادتی کے مترادف ہے، مذکورہ کمپنی پورے پنجاب میں لوگوں کو لوٹ رہی ہے، احتجاج میں شریک شرکاء نے وزراعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر ہاؤسنگ سکیم سے مطالبہ کیا ہے کہ نیا پاکستان سکیم کا جانسہ دیکر عام شہریوں کو لوٹنے والوں کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے اور ہماری رقم واپس دلوا کر ہمیں انصاف دلایا جائے۔








