ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد مسلم لیگ ن کے رہنماء ملک سجاد علوی نے کہا کہ نئے سال کے آغاز کے میں ہی عوام کے لئے پٹرول سونامی برپا کر کے تباہی سرکار نے اپنے نئے سال کے عوام دشمن عزائم واضح کردیئے ہیں،تبدیلی اور سونامی کے سلوگن پر مسلط کی گئی سرکار نے تبدیلی یقیناً کی ہے لیکن افسوس یہ تبدیلی ترقی کی جگہ تباہی کی صورت میں کی گئی ہے اور سونامی بھی برپا تباہی سرکار کی جانب سے برپا ہوا لیکن یہ سونامی تعمیر، بہتری اور روزگار کی بجائے مختلف شعبوں ٹوٹ پھوٹ، ابتری، خستہ حالی، مہنگائی اور بیروزگاری کی شکل میں عوامی پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سال نو کی ابتداء میں ہوشربا اضافے کے علاوہ منی بجٹ میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ماچس کی ڈبیا سے لیکر موبائل کالز اور بچوں کے دودھ اور ادویات پر سترہ فیصد جی ایس ٹی کے مجوزہ نفاذ سے مہنگائی اور گرانی کا عذاب غریب عوام کے لئے انتہائی کرب کی کیفیت کا موجب بن جائے گا اور بلاشبہ تبدیلی سرکار تباہی سرکار ثابت ہوئی ہے اور عوامی ریلیف کی بجائے عوامی تکلیف کا ایک نیا پیکج اس حکمران کی پہچان بن گیا ہے اور یہ پاکستان کی 74سالہ تاریخ کی بدترین حکومت ہے جس کی گواہی غریب عوام دے رہے ہیں۔







