ہارون آباد (عوامی پریس کلب) تاجر برادری کا ملکی معشیت کو مضبوط کرنے میں انتہائی اہم کردار ہے تاجر طبقہ کے ٹیکس سے ہی ملک ترقی کرتے ہیں اور ملکی نظام چلتا رہتا ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ موجودہ حکومت نے ٹیکس کی بھرمار کر کے اس طبقہ کو زندہ درگور کر دیا ہے آئے روز نئے ٹیکسز اور درجنوں حکومتی ادارے مختلف حیلے بہانوں سے تاجر برادری کو پریشان کرتے رہتے ہیں ڈیوائس مشین بھی شیطانی حربہ ہے جس کو تاجر طبقہ یکسر مسترد کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہارمرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین حاجی سخی سلطان پرنس،جنرل سیکرٹری ملک محمد ریاض خلجی اور فنانس سیکرٹری چوہدری محمد افضل رندھاوا نے مشترکہ طور پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت تاجر برادری کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دے رہی ہے ہم ڈیوائس کو جبری طور پر نافذ نہیں ہونے دیں گے انصاف کے نام پر مبنی حکومت نے ناانصافی کی حد کر دی ہے حکومت کو چاہیے کہ ان کے درمیان بیٹھے چینی گندم اور ادویات چوروں کو گرفتار کرکے قوم کے اربوں روپے نکلوائے،تاجر برادری کو بجلی گیس اور دیگر یوٹیلیٹی بلز پر خصوصی ریلیف پیکج دے اور چھوٹے دکانداروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا اعلان کرے، اس موقع پر جبری ٹیکسوں کے خلاف واک بھی کی گئی۔








