ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد میں پبلک سیکٹر کی نئی غلہ منڈی کی منظوری کے خلاف آڑھتی سراپا احتجاج بن گئے،اس حوالہ سے غلہ منڈی میں ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں آڑھتیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، تفصیلات کے مطابق ہارون آباد میں پبلک سیکٹر غلہ منڈی کی منظوری کے خلاف آڑھتیوں نے احتجاج کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں غلہ منڈی کی انجمن آڑھتیان کے سابقہ عہدیداران و ممبران سمیت دیگر آڑھتیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انجمن آڑھتیان غلہ منڈی کے سابقہ صدور اختر حسین، چوہدری محمد افضل و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت یہ چال کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ہمیں پتہ ہے کہ کون جیب گرم کر کے یہ کام کروا رہا ہے،ہمیں پرائیویٹ سیکٹر کی منڈی سے کوئی مسلہ نہیں کیونکہ پرائیویٹ غلہ منڈی کے بننے کے بعد اس موجودہ غلہ منڈی کی حیثیت بحال ہی رہے گی جبکہ پبلک سیکٹر کی نئی غلہ منڈی بننے کے بعدا س موجودہ غلہ منڈی کو بند کر دیا جائے گا جو کہ ہم کو بالکل قابل قبول نہیں پرائیویٹ غلہ منڈی میں اگر کوئی جانا چاہتا ہے تو وہاں کاروبار کرے مگر ہم پہلے سے موجود اس منڈی کو ہرگز بند نہیں ہونے دیں گے اس کام کے لئے ہم بھرپور احتجاج کریں گے۔








