ہارون آباد (عوامی پریس کلب) پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) ہارون آباد کسی بھی ناگہانی صورتحال کے موقع پر دُکھی انسانیت کی ایک ہی آواز پر انکی مدد کیلئے پہنچنے والے ادارے نے اپنی سالانہ کارکردگی جاری کر دی۔پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 تحصیل ہارون آباد نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ سال 6039 ایمرجنسیز پر سروسز فراہم کیں۔دن ہو یا رات، آندھی ہو یا طوفان، حادثہ ہو یا سانحہ، زلزلے ہو یا آگ، ریسکیو 1122 ہر دم تیار کے ماٹو سے کام کرنے والے ادارے نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔
فوکل پرسن لیاقت علی سکھیرا نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 ہارون اباد کو مختلف ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں جن میں 1352روڈ ٹریفک حادثات،3838 میڈیکل ایمرجنسیز، 106 فائر ایمرجنسیز، 135 کرائم ایمرجنسیز، 06ڈوبنے کی، 03 عمارتوں کے گرنے اور599 دیگر ایمرجنسیز شامل ہیں۔ جبکہ 31 افراد موقع پرجان بحق ہوئے اورگزشتہ سال پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت تحصیل بھرمیں 1025 مریضوں کو بہتر طبی امداد کے حصول کیلئے منتقل کیا گیا۔ 355 مریضوں کو تحصیل بھر سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں منتقل کیا گیاجبکہ670افراد کو بہتر طبی امداد کے حصول کیلئے ریسکیو1122 کے تربیت یافتہ عملہ کے زیرِ نگرانی میں دوسرے اضلاع کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ہماری جانب سے سکولز و کالجز، یونین کونسلز میں تربیتی پروگرامز کا انعقاد کر کے ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس کو یقینی بناتے ہوئے جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ اسکے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی مہم کے ذریعے دوران سفر روڈ سیفٹی کلچر کو اجاگر کیا جائیگا تاکہ ہونیوالے حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے میڈیا کے توسط سے شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 ہر وقت آپکی مدد کے لئیے تیار ہے لیکن 1122 ہیلپ لائن پر بلا وجہ اور غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں تاکہ آپکی بے وجہ کالز کسی بھی ایمرجنسی کے شکار شخص کو بھیجی جانیوالی مدد میں تاخیر کا سبب نہ بن سکیں







