210

بلدیاتی اداروں کو قبل از مدت ختم کرنے سے عوامی مسائل کے حل کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی ہے

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) لوکل کونسلز ایسوسی ایشن آف پنجاب کے خصوصی اجلاس منعقدہ لاہور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے رکن محمد ریاض خلجی نے کہا ہے کہ ایل سی اے کے اس اجلاس میں لوکل کونسلز کے نظام کی بقا اور استحکام کے لئے مشاورت کی گئی۔

اس سلسلے میں لوکل کونسلز کی افادیت اور بنیادی سطح پر عوامی مفاد عامہ کے لیے اہمیت اور ضرورت کے سلسلے میں عوامی آگاہی مہم چلانے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا. لوکل کونسلز ایسوسی ایشن آف پنجاب کی صدر فوزیہ خالد وڑائچ، چیرمین زاہد اقبال چوہدری،چیف ایگزیکٹو آفیسر انور حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے تاریخی فیصلہ کے بعد بھی حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر اس فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنا توہین عدالت ہے۔

بلدیاتی اداروں کو قبل از مدت ختم کرنے سے عوامی مسائل کے حل کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی ہے اور اس سے عوامی حقوق کی پامالی ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بنیادی سطح پر مسائل کا انبار لگا ہے. پنجاب حکومت کو اپنی اس غلطی کا احساس کرتے ہوئے عوامی اور قانونی تقاضوں کے مطابق بلدیاتی نظام کو فعال کرنے کا اعلان کر دینا چاہیے تاکہ عوامی تکالیف کا ازالہ ممکن ہو سکے. بلدیاتی اداروں کی بحالی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے اور وقت کے تقاضوں کو پورا کرنے میں ہی جمہوریت کا استحکام اور تسلسل مضمر ہے اور جمہوری نظام میں بلدیاتی نظام بنیادی درجہ کا حامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں