ہارون آباد(عوامی پریس کلب) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ء ترجمان پنجاب حکومت چوہدری شوکت محمود بسرا نے کہا ہے کہ 1122کی باضابطہ خدمات کا بھرپور انداز سے اجراء اہل علاقہ کیلیے ایک شاندار عید گفٹ ہے 1122 کا عملہ اور گاڑیوں کی فراہمی اور چوبیس گھنٹے دستیابی بلاشبہ ایک نہایت شاندار کامیابی ہے اور اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ یہ اعزاز ہمیں نصیب ہوا کیونکہ عوامی ریلیف کیلیے ہمیشہ اپنی سیاست کو اسی واحد نکتہ پر مرکوز کیا ہے۔
اس موقع پر رانا مجاہد،عثمان بسراء،ملک احمد ہیپی،ملک بلال و دیگر بھی موجود تھے۔چوہدری شوکت محمود بسراء نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لئے اپنے وژن کو عملی طور پر ثابت کیا ہے اور انشاء اللہ یہ خدمت کا مشن جاری رکھیں گے. اس سروس کے باقاعدہ اجراء سے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کی شکل میں رسپانس ملے گا اور علاقے میں مریضوں حادثات کے شکار افراد اور کسی بھی قسم کی ایمرجنسی میں ریلیف مشن کو پورا کیا جائے گا. اس سروس کے اجراء سے علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ عوام کے لئے ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے اپنے علاقے کو جدید خطوط پر سہولیات سے آراستہ کرنے کا مشن مزید جوش و جذبہ سے جاری رکھیں گے.







