ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد میں آوارہ کتوں کی یلغار، شہری شدید خوف و ہراس کا شکار، شہریوں کا حکام بالا سے آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ہارون آباد شہر میں کچرا، نکاسی آب، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور صحت جیسے مسائل کے بعد اب آوارہ کتوں کی یلغار نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
ویسے تویہاں کے شہری مختلف حوالوں سے آئے دن خوف میں مبتلا رہتے ہی ہیں، بڑی سڑکوں سے لے کے چھوٹی گلیوں میں پڑے گڑھے،جگہ جگہ سیوریج کا بدبو دار پانی، راستوں پر لگے کچرے کے انبار شہریوں کی زندگی اجیرن کرنے کے لیے کافی نہیں تھے کہ آوارہ کتوں کی بہتات نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی، یہ خطرناک صورت حال فوری توجہ اور سدباب کی متقاضی ہے۔
اس حوالہ سے شہریوں نعمان، اعجاز، مظہر، ضیاء اللہ، کفایت اللہ و دیگر کا کہنا ہے کہ آوارہ کتے شہر کے تقریباً ہر علاقے میں دن دہاڑے اور رات کو ٹولیوں کی شکل میں دندناتے ہیں۔رات ہوتے ہی شہر کی گلیاں کتوں کے بھونکنے سے گونج اٹھتی ہیں۔یہ پیدل چلنے والوں کا چلنا تو مشکل کرتے ہی ہیں، ساتھ ہی ساتھ گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کے پیچھے دوڑنا بھی عین فرض سمجھتے ہیں۔
آوارہ کتوں کی غول در غول یلغار نے شہریوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کی آزادانہ آمد و رفت کو متاثر کیا ہوا ہے،شہریوں نے حکام بالا سے آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔







