ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد، عید الاضحی کی آمد آمد، شہر میں سخت گرمی کے موسم میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ شروع، گھریلو صارفین شدید پریشانی سے دوچار، تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کی آمد آمد ہے جبکہ ہارون آباد کے علاقوں حسین کالونی، الوقار کالونی، خان کالونی، بھٹہ محمد پورہ سمیت دیگر علاقہ جات میں سخت گرمی کے موسم میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
جس پر شہریوں وقاص، عثمان، عدن، حذیفہ، ابراہیم و دیگر کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں تو سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سنا تھا لیکن اس مرتبہ تو ہارون آباد شہر میں موسم گرما میں بھی سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جو سمجھ سے بالا تر ہے، محکمہ سوئی گیس کی جانب سے صبح 9سے دوپہر 12 اور دوپہر 2سے شام 6بجے تک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جسکی وجہ سے گھریلو صارفین شدید پریشانی سے دوچار ہیں، بالخصوص خواتین کو امور خانہ داری کے کام انجام دینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ عید الاضحی بھی قریب ہے، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گیس پریشر میں اضافہ اور گیس لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔







