ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد میں موٹر سائیکل سکیم میں کروڑوں کا فراڈ،ریاض پنسوتہ نامی فراڈیا شہریوں کو موٹر سائیکل و کار سکیم کے ذریعے کو پچاس کروڑ روپے سے زائد کا چونا لگا کر ملک سے فرار ہوگیا، متاثرین کا شدید احتجاج، وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس سمیت تمام متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور قانونی کاروائی کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ہارون آباد کے چمن بازار میں محمد ریاض پنسوتہ نامی شخص (کمرشل آٹوز) نے لکی ڈرا کے ذریعے موٹر سائیکل و کار کی سکیم شروع کر رکھی ہوئی تھی کہ اچانک معلوم ہوا کہ محمد ریاض پنسوتہ نے ایک سو چودہ کے قریب افراد کو چونا لگا گیا، فراڈیا شہریوں کے پچاس کروڑ روپے سے زائد کی رقم ہڑپ کرکے اپنی جائیداد فروخت کرکے بیرون ملک فرار ہوگیا، جس پر متاثرین نے چمن بازار میں کمرشل آٹوز کے سامنے جمع ہوگئے اور شدید احتجاج کیا۔
اس موقع پر مقامی ایم پی اے ڈاکٹر چوہدری محمد ظفر اقبال بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے متاثرین کی داد رسی کی اور کہا کہ شہریوں کے ساتھ ہونے والا فراڈ ظلم کے مترادف ہے اس حوالے سے ہر سطح پر بات کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری اور عوام کے مالی نقصان کے ازالہ کو یقینی بنائیں گے۔جبکہ پولیس کا کہنا کہ متاثرین کی جانب سے تاحال کوئی درخواست نہیں آئی جیسے ہی کو درخواست آئے گی تو قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔








