ہارون آباد (عوامی پریس کلب)ہارون آباد کا مرغی بازار مسائل کا گڑھ بن گیا، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سیوریج نظام شدید متاثر، گٹروں کے ڈھکن تک غائب، متعدد بار انتظامیہ کو آگاہ کیا لیکن کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، دوکاندار پھٹ پڑے۔
تفصیلات کے مطابق ہارون آباد کا مرغی بازار شہر کا مشہور ترین بازار ہے، یہ بازار غلہ منڈی سے ملحقہ ہے اس میں گوشت کا دوکانیں، پنسٹار سٹور، موبائل فونز کی دوکانیں اور تقریبا ً تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں موجود ہیں جس وجہ سے بازار میں کافی رش رہتا ہے لیکن اب مذکورہ بازار مسائل کا گڑھ بن گیا ہے ۔
دوکانداروں نے اخباری سروے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی اور انتظامیہ کی عدل دلچسپی کی وجہ سے مذکورہ بازار کی مین سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جو آج تک نہیں بنی، سیوریج کا نظام بری طرح متاثر ہے۔
رہی سہی کسر گٹروں کے ڈھکنوں نے پوری کردی ہے سڑک کے درمیان بنے سیوریج کے گٹروں سے ڈھکن تک غائب ہو چکے ہیں جس وجہ سے ٹریفک حادثہ رونما ہوسکتے ہیں۔
دوکانداروں کے مطابق مذکورہ بازار کے مسائل بارے انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کیا ہے لیکن کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، متعلقہ بازار کے دوکانداروں نے موجودہ اراکین اسمبلی اور انتظامیہ سے اس بابت فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔







