ہارون آباد (عوامی پریس کلب ) ہارون آباد ایس ڈی پی او شمس الدّین خان نے جامع مسجد 86فائیو آر ٹبہ نولاں مولاں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، ایس ڈی پی او نے کھلی کچہری میں موجود سائلین کے مسائل سن کر فوری حل کے لئے احکامات جاری کئے، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار کی ہدایت پر ایس ڈی پی اوسرکل ہارون آباد شمس الدین خان نے جامع مسجد 86فائیو آر ٹبہ نولاں مولاں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
جس میں ایس ایچ او تھانہ صدر ہارون آباد سمیت دیگر پولیس افسران اور نمازیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، ایس ڈی پی او شمس الدّین خان نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد دور دراز علاقوں میں شہریوں کے مسائل کو سننا اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کرنا ہے تاکہ وہ سائلین جو میرے دفتر نہیں پہنچ سکتے ان کے پاس آکر ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔








