ہارون آباد (عوامی پریس کلب ) ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبر نے ڈی پی او محمد ظفر بزدار کے ہمراہ بلدیہ کمیٹی ہارون آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، آر پی او نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ پولیس افسران کو فوری اور میرٹ پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے، کھلی کچہریوں کا مقصد بروقت انصاف کی فراہمی کیساتھ ساتھ عوام اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کو دور کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبرنے ہارون آباد کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار کے ہمراہ بلدیہ کمیٹی کے لان میں کھلی کچہری لگائی جس میں ایس پی انوسٹی گیشن فاروق کمیانہ، ڈ ی ایس پی سرکل ہارون آباد شمس الدین خان، اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد فضل الرحمن بلوچ و دیگر پو لیس آفیسران، سیاسی ومذہبی اور کاروباری شخصیات، وکلاء برادری، میڈیا نمائندگان اور سائلین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبرکو ہارون آباد پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر شیر اکبر کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے،کھلی کچہریوں کا مقصد بروقت انصاف کی فراہمی کیساتھ ساتھ عوام اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کو دور کرنا ہے، اس سلسلے کو ہم آئندہ بھی جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف مہیا کر سکیں، آر پی او بہاولپور نے کھلی کچہری میں آئے ہوئے سائلین کے مسائل سنے اور اُن کے فوری حل کے لئے احکامات جاری کئے۔








