ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد پی ٹی آئی رہنماء شوکت محمود بسراء نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مشن اور وژن پسماندہ اور نظر انداز کیے گئے علاقوں میں جدید ترین سہولیات کی فراہمی کو عملی جامہ پہنا کر انہیں ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لا کھڑا کرنا ہے۔
ہارون آباد کی ترقی پر ماضی کی حکومتوں نے توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ہمارا شہر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر خستہ حالی کی تصویر بن کر رہ گیا، ان شاء اللہ وفاقی بجٹ کی طرح صوبائی بجٹ بھی عوام دوست ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر ہارون آباد کی مختلف سڑکات کی از سر نو تعمیر کے پروجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر راؤ شعیب احمد، ملک خالد فاروق اعوان ایڈووکیٹ، شاہد عمران تیجہ، رانا مجاہد، عثمان بسراء، ملک احمد ہیپی،ملک بلال سمیت دیگر پارٹی کارکنان اور عام شہری کثیر تعداد میں موجود تھے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دیئے گئے فنڈز سے ہارون آباد کے لیے یہ منصوبے جاری کیے جس سے اس شہر کی روایتی خوب صورتی کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ شہر اپنی شاندار سڑکوں کی وجہ سے پہچان میں انفرادیت کا حامل تھا لیکن اس کو کھنڈرات نما سڑکات کے ذریعے اس کے حقوق سے محروم کر دیا گیا تھا، ہارون آباد کے لیے ان منصوبوں کے حصول کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں اور ان کاوشوں کی بدولت تعمیر و ترقی کا نیا باب رقم کیا گیا ہے ۔
اور شہر ہارون آباد کے زندہ دل مکینوں کیلئے یہ سڑکات کے میگا پراجیکٹس ایک تحفہ ہیں اور مستقل میں مزید منصوبے متعارف کرانے کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں عوامی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اس تعمیر و ترقی کے سفر میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم اپنے عوام کی خدمت کے لئے ہر ممکن کوشش کر یں گے تاکہ ہمارا علاقہ اور شہر جدید ترین نظام کے تحت بہترین اور شاندار سہولیات سے آراستہ ہو کر ملک بھر میں اپنی شناخت کی عظمت کا اظہار بن سکے۔








