ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد میونسپل کمیٹی انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد عمران وٹو، ملک محمد ریاض خلجی وائس چیئرمین میونسل کمیٹی نے صدر بارایسوسی ایشن ہارون آباد چوہدری غلام نبی سپراء و دیگر کے ہمراہ مین بازار کے فوارہ چوک میں مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر صدر بار ایسوسی ایشن غلام نبی سپرا ایڈووکیٹ، ایس ایچ او تھانہ سٹی ابصار حسین گجر ،کونسلر فیصل مجید، محمد امین مغل، عدیل افضل،ماسٹر لیاقت، نصر اللہ، چوہدری محمد طالب سمیت عملہ بلدیہ ودیگر معززین شہری بھی موجود تھے، اس موقع پر ملک محمد ریاض خلجی وائس چیئرمین میونسل کمیٹی کا کہنا تھا کہ شہر ہارون آباد کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور یہ کام مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔
ہارون آباد شہر ہمارا اپنا شہر ہے اور اس کی بہتری کیلئے ہم سے جو کچھ ہوسکے گا ہم وہ کرینگے، شہری میونسپل کمیٹی کے عملہ کیساتھ تعاون کرتے ہوئے اچھا شہری ہونے کا ثبوت دیں، اس موقع پر ہفتہ صفائی مہم کے حوالہ سے آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جو احاطہ میونسپل کمیٹی سے شروع ہوئی اور مین بازار کے فوارہ چوک میں آکر اختتام پذیر ہوئی۔








