ہارون آبا د (عوامی پریس کلب) ہارون آباد نہر ہاکڑہ برانچ شرقی سائیڈ باڈر ایریا پر واقع متعدد چکوک کے زرعی اراضی سیم و تھور کے باعث بنجر ہو گئی، کاشتکار شدید پریشانی سے دوچار، اہلیان علاقہ کا اعلیٰ حکام سے ٹیوب ویل نصب کرکے سیم و تھور کا سدباب کرنے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ہارو ن آباد اور گردونواح کے علاقہ جات نہر ہاکڑہ برانچ شرقی سائیڈ باڈر ایریا پر واقع چکوک 77ون ایل، 78ون ایل، 79ون ایل، 80ون ایل، 81ون ایل، 150ٹوایل، 151ٹو ایل، 152ٹو ایل، 153ٹوایل، 154تھریل ایل، 155تھری ایل، 156تھری ایل،157تھری ایل و دیگر میں زرعی اراضی سیم و تھور کی وجہ سے بنجر ہو گئی ہے۔
علاقہ کے کسانوں و کاشتکاروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، چارہ نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ میں مال مویشی موت کی گھاٹی میں جا رہے ہیں، جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے وبائی امراض جنم لے رہے ہیں، اہلیان علاقہ نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سمیت متعلقہ تمام اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقہ جات میں ٹیوب ویل نصب کرکے سیم و تھور کے خاتمے کا سد باب کیا جائے۔







