439

ٹبہ غلیاں والہ میں منشیات فروشی کا مکروہ اور انسان دشمن دھندہ عروج پر

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) تھانہ صدر ہارون آباد کی حدود میں واقع ہزاروں مزدور پیشہ افراد پر مشتمل آبادی ٹبہ غلیاں والہ میں منشیات فروشی کا مکروہ اور انسان دشمن دھندہ سرعام عروج پر چلایا جا رہا ہے اور پولیس اس سلسلے میں مکمل طور پر بے حسی اور خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے.

مزدور پیشہ افراد کسی بھی معاشرے میں اہم کردار ادا کر تے ہیں اور عمارات کی تعمیر سے لیکر عوام کو خدمات فراہم کرنے والے کاموں میں مزدور پیشہ افراد ہمیشہ مرکزی کردار رکھتے ہیں. ٹبہ غلیاں والہ میں ہیروئین، چرس بھنگ اور شراب کی فروخت کھلم کھلا اور بغیر کسی خوف کے ہو رہی ہے جو ایک اسلامی ملک کے اسلامی معاشرے میں غیر انسانی اور ممنوع اشیاء کی فروخت کی ایک بدترین مثال ہے.

اس مکروہ دھندے کی وجہ سے مزدور گھرانوں کے نوجوان منشیات کی لعنت میں مبتلا ہو کر اپنے آپ کو تباہ کرنے کے علاوہ معاشرے کے لئے بوجھ بن رہے ہیں اور نوجوان نسل کی بربادی سماجی ڈھانچے کی بربادی ہوتی ہے.

متعلقہ پولیس کی بے حسی بلاشبہ افسوس ناک ہے اور اس سلسلے میں مزید لاپرواہی انسانی المیے کا باعث بن سکتی ہے.آئی جی پنجاب پولیس، آر پی او بہاول پور اور ڈی پی او بہاول نگر کو منشیات فروشی کے اس مذموم دھندے کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے اس مزدور پیشہ آبادی کو برباد نگر بننے سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں