ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد میں شادی سے انکار پر نوجوان نے مبینہ طور پر لڑکی کوگولی مار کر قتل کردیا اور خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی، پولیس مصروف تفتیش۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس ہارون آباد کی حدود میں نواحی گاؤں 41تھری میں کوثر بی بی دختر انور مرید کھیتوں میں کپاس کی چنائی کررہی تھی کہ نواحی گاؤں 107سکس آر کا رہائشی ناصر حسین ولد محمد حسین اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ وہاں آیا کوثر بی بی کو زبردستی اپنے ساتھ لے گیا اور نواحی گاؤں 106سکس آر کے کھیتوں میں لے جا کر مبینہ طور پر کوثر بی بی کو گولی مار کر قتل کردیا اور خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی۔
وجہ عناد یہ بتائی جاتی ہے کہ مقتولہ کوثر بی بی نے ناصر حسین کیساتھ شادی سے انکار کیا تھا، اطلاع پر مقامی پولیس اور ریسکیو 1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، پولیس کے مطابق دونوں نعشوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے،کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اصل حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آسکیں گے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔








