ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد شہر کا معروف دینی ادارہ جامعہ تعلیم الاسلام اشرفیہ میں تکمیل ختم بخاری شریف کی سالانہ پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، شیخ الحدیث مولانا جلیل احمد اخون نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا،اس موقع پر قرآن پاک حفظ اور عالم دین بننے والے طلبہ کی دستار بندی بھی کی گئی، تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب شہر کا معروف دینی ادارہ جامعہ تعلیم الاسلام اشرفیہ میں تکمیل ختم بخاری شریف کی سالانہ پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کی صدارت مہتمم ادارہ ھذٰا مولوی محمد اسلم عفی عنہ نے کی۔
تقریب میں طلبہ، علمائے کرام، حفاظ کرام، دیگر مدارس کے مہتمم اور طلبہ کے والدین و معز زین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر شیخ الحدیث مولانا جلیل احمد اخون نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا۔ اس موقع پر طلبہ کو ہدایات اور نصیحت کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ معاشرہ میں جوڑ والے علماء بننا توڑ والے نہیں اور اپنے اکابرین و اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حکمت و دانائی کے ساتھ اصلاح معاشرہ، دین کی اشاعت اور دعوت و تبلیغ کا کام کرنا ہے اور اخلاص و للہیت، تقوی و پرہیز گاری، استغناء کو اختیار کرنا ہے۔ اس موقع پر حفاظ کرام اور عالم دین بننے والے طلبہ کی دستار بندی بھی کی گئی اور مولانا جلیل احمد اخون اور دیگر علمائے کرام نے ادارہ ھذٰا کے قرآن پاک حفظ اور عالم بننے والے طلبہ اور اُن کے والدین کو مبارک باد بھی پیش کیں۔







