ہارون آباد (عوامی پریس کلب)تعلیمی اداروں کے باہر گاڑیوں کا رش معمول بن گیا، رش کے باعث قائداعظم روڈ سمیت دیگر مین راستے بند ہونے سے والدین سمیت عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا، شہریوں کا ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام سے فور ی نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر ہارون آباد میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے باہر خصوصی طور پر چھٹی کے اوقات میں اکثر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے،اور گاڑیوں کے رش کے باعث والدین سمیت عا م شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے،بچوں کی آمد اور واپسی کے دوران مناسب جگہ اور پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے قائداعظم روڈ سمیت دیگر مین راستے گاڑیوں کی بھر مار کی وجہ سے بند ہوجاتے ہیں۔
گاڑیو ں کی بھر مار تو اپنی جگہ اس دوران خوانچہ فروشوں کا طوفان بھی سکولوں کے سامنے اُمڈ آتا ہے، پیدل چلنے کی جگہ ہو نہ ہو قلفی، گولے، سموسے، پاپڑ و دیگر چیزیں فروخت کرنے والے اپنی ریڑھیاں لیکر کھڑے ہوتے ہیں، ان ریڑھیوں کی گرد طالب علموں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوتی ہے جس کی وجہ سے رش مزید بڑھ جاتا ہے اور ٹریفک بلاک ہو جاتی ہے۔
شہریوں وقاص، عثمان، عمر خلیل، ابراہیم جمیل، کامران سعید و دیگر نے ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے باہر بالخصوص چھٹی کے اوقات میں ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں تاکہ ٹریفک کا نظام روانی کیساتھ چلتا رہے۔







