179

اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد میں بھی اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں، شرکاء نے اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح ہارون آباد شہر میں بھی اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں، تحصیل انتظامیہ کی جانب سے بھی ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر چودھری محمد طیب نے کی۔

ریلی میں ڈی ایس پی سرکل ہارون آباد گل حسن خان، پی ٹی آئی رہنماء راؤ شعیب احمد، بار ایسوسی ایشن کے صدر غلام نبی سپرا ایڈووکیٹ، محمد اختر خلجی جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران،پی ٹی آئی کے کارکنان و رہنماؤ ں،مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور رہنماؤں،ہارون آباد یونین آف جرنلسٹ کے عہدیداران سمیت دیگر سیاسی عہدیداران و کارکنان، سول سائٹی کے نمائندین و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی میں شریک شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز و پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کیخلاف نعرے درج تھے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطینی سر زمین پر اسرائیلی مداخلت کسی صورت بھی قابل قبول نہیں، اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم و بربریت بند کرے۔

دریں اثناء بعد از نماز جمعہ عوامی تحریک، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے بھی اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں اور فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں