216

کسان کارڈ صرف دکھاوے کی حد تک محدود منصوبہ ہے۔میاں محمد اشرف جتالہ ایڈووکیٹ

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ہارون آباد چیئرمین یونین کونسل نمبر 96میاں محمد اشرف جتالہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کسان کارڈ صرف دکھاوے کی حد تک محدود منصوبہ ہے اور اس کا مقصد کسانوں کی عملی فلاح کی بجائے انہیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانا ہے، اگر حکومت واقعی کسانوں کی بہتری کیلئے سنجیدہ ہے تو اسے کھادوں، زرعی ادویات، ڈیزل سمیت زرعی استعمال کی مشینری کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے حقیقی معنوں میں اس پر عمل درآمد کرانے کی پالیسی اختیار کرنا ہوگی۔

دکھاوے کے منصوبے ماضی میں بھی مفید ثابت نہیں ہوئے،ہاکڑہ نہر اور نہر تھری آر ون آر کیلیے واری بندی کا کسان دشمن اور زراعت کے شعبے کے لئے نہایت نقصان پہنچا نے والے طریقے کو فوری طور پر ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے، ہارون آباد سمیت ضلع بہاولنگر میں زمینی پانی کڑوا ہے لہٰذا اس علاقے میں نہری وارہ بندی کا خاتمہ ناگزیر ہے جبکہ میٹھے پانی کے علاقے میں ٹیوب ویل کیلیے بجلی کم ترین قیمتوں پر فراہم کی جائے، زرعی اجناس کی قیمت مقرر کرنے کے بعد اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ کاشت کاروں کو یہ قیمت مل بھی سکے۔

کاشتکاروں کے لیے بنیادی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کاوشیں اور قابل عمل پیکج کا اجراء نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس پیکج کے سلسلے میں بنیادی سٹیک ہولڈر کاشتکاروں کی تجاویز کو ترجیح دینا ہوگی،کسان کارڈ کی بجائے کاشتکاروں کے لیے زراعت کے شعبے میں آسانیاں فراہم کرنے کا وژن متعارف کرایا جائے، ایسی حکمت عملی درکار ہے جس سے تمام کاشتکاروں کو بلا امتیاز فوائد حاصل ہوسکیں،کسان کارڈ کے لیئے کاشتکاروں کو مشکل پراسیس سے گزرنا پڑتا ہے اور کاشتکاروں کا قیمتی وقت اس میں ضائع ہوگا تو وہ اپنی کھیتی پر توجہ مرکوز نہیں کرسکیں گے اور اس سے زرعی پیداوار متاثر ہونے کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں