311

گھگھر ہاکڑا تہذیب کی تلاش و جستجو

گھگھر ہاکڑا تہذیب کی تلاش و جستجو — قصے کہانی اور ریسرچ کے درمیان

Mushtaq تحریر: مشتاق گاڈی

سرائیکی سے اردو ترجمہ: عابد حمید قریشی سرپرست چولستان پریس کلب رجسٹرڈ

اُنیسویں صدی کے آخر میں ٻہت سارے برٹش ایڈمنسٹریٹرز، جیوگرافرز اور ٻہت سے دیگر کئی سکالرز نے اس بات کی پہلی بار نشاندھی کی کہ راجستھان، چولستان (بہاولپور)، تھر (سندھ) اور کَچھ (گجرات) میں ایک ٻہت پرانے سوکھے ہوئے دریا کے مسلسل (ساندوراند) بہاو (چینل) کی نشانیاں بکھری پڑی ہیں۔ انہیں کالونئیل سکالرز میں جیمز ٹاڈ، میجر کالوین، سی۔ ایف۔اولڈہَم، میجر ایف۔ میکسن، ہنری جارج رَیورٹی اور سیو رائٹ کے نام نمایاں ہیں۔ اس سُوکھے ہوئے دریا کے بہاو (چینل) کا اپ-سٹریم میں ہماچل پردیش سے نکلنے والے دریا گھگھر کے ساتھ تعلق جا بنتا تھا۔ بیکانیر، چولستان، تھر اور کَچھ میں اسے ہاکڑا کہا جاتا تھا۔ (ہسٹاریکل فیلالوجی یہ بتاتی ہے کہ لفظ ہاکڑہ “ساگرا” یا “ساگر” ہے، جیسے ہند اصل میں سندھ ہے) گھگھر ہاکڑا کے اس بہاو (چینل) کے ساتھ چاروں طرف ٹکڑے ٹکڑے ہوئے پرانی آبادیوں کے نشان (ہندیرے؟) بکھرے پڑے ہیں۔ یہ بہاو (چینل) جمنا کے مغربی اور ستلج کے مشرقی سمت درمیان میں بہتا تھا۔ دوسرے لفظوں میں آج کل کے راجپوتانہ کے “گریٹر ڈیزرٹ” کا بڑا سارا علاقہ اس دریا کی طغیانی میں آ جاتا تھا۔

انہیں سکالرز کا خیال تھا کہ یہی چھوٹا اور موسمی دریا گھگھر ایک وقت میں رَن آف کَچھ تک بہتا تھا اور خود رَن (آف کَچھ) کے بنانے اور بڑھانے میں اس کے ڈیلٹا کا ہاتھ تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب وادی سندھ کی قدیم شہری تہذیب کی جان پہچان نہیں ہوئی تھی، نہ یہ ہڑپہ، موہنجودڑو اور ٻہت سے اور کئی قدیم شہری مرکز دریافت نہیں ہوئے تھے۔ انہیں سکالرز کا خیال تھا کہ یہ دریا مغلیہ دور میں کسی وقت سُوکھ گیا تھا۔ کُچھ کا خیال تھا کہ یہ آٹھویں صدی کے لگ بھگ بہنا بند ہو گیا تھا۔

انہیں ایڈمنسٹریٹرز اور جیوگرافرز کے ساتھ ساتھ اس وقت بہت سے “انڈولوجسٹ” سنسکرت لٹریچر کی سٹڈی میں مصروف تھے۔ انہیں میں ویلیم جونز، کول بروک تے میکس ملر جیسے سکالرز شامل تھے۔ ان کو رِگ وید، مہا بھارت اور بہت سے پُرانوں کے مطالعے میں جان پہچان ہوئی، کیونکہ سندھو کے ساتھ ساتھ ایک اور دریا کے بہت سے حوالے ہیں جن کو “سرسوتی” کہا جاتا تھا۔ سنسکرت لٹریچر میں یہ ایک ٻہت مقدس دریا تھا اور اس کو “شبد اور حُسن” کی دیوی کا درجہ ملا ہوا تھا۔ اس لٹریچر میں یہ بھی حوالہ تھا کہ ایک خاص وقت میں یہ دریا سارسوتی زمین کے اندر چلا گیا اور اب بھی الہ آباد کے نزدیک جہاں گنگا جمنا کا ملاپ ہوتا تھا، یہاں سارسوتی زمیں کے اندر اندر بہتی ہوئی ان کے ساتھ جا ملتی ہے۔ اس جگہ کو ہندو مقدس کتابوں میں “تریونی سنگم” کا نام دیا جاتا ہے۔

رِگ وید میں سارسوتی بارے لکھا ہوا ہے کہ یہ جمنا اور شُتُدر (ستلج) کے درمیان بہتی ہوئی ساگر کے ساتھ جا ملتی ہے۔ انہیں حوالوں کی بنیاد پر اِنہیں سنسکرت سکالرز نے یہ نتیجہ نکالا کہ “سارسوتی” اصل میں یہی گھگھر ہاکڑا دریا تھا جس کا سُوکھے ہوئے بہاو (چینل) کا نشان ابھی بھی موجود ہے اور اس کے ساتھ بہت سے ہندیرے اور ویران (ٹھیہڑ) ہوئی ہوئی آبادی کی نشانیاں موجود ہیں۔ اس کے ساتھ اس بات کی بھی نشاندھی ہوئی کہ آج کے گھگھر کا ایک مشرقی بازو برساتی نالے (نائیں) کا ابھی بھی نام سارسوتی ہے جو کہ اس پرانی “ویدک دور” کی سارسوتی کی یاد ہے۔

یہ اس وقت کی بات ہے جب یہ برٹش سکالرز یہ سمجھتے تھے کی سندھ ہند میں تہذیب کا آغاز سنٹرل ایشیا سے آریا کی ہجرت (مائیگریشن) اور “ویدک دور” سے ہوتا تھا جو کہ ان کے حساب میں 3500 سال پہلے کا دور تھا۔ بیسویں صدی کے شروع میں جب پہلے ہڑپہ اور بعد میں موہنجودڑو کے قدیمی شہر دریافت ہوئے تو سندھ ہند کی تہذیب (زمانی اعتبار سے اپنی قدامت میں) پورے ایک ہزار سال پیچھے چلی گئی۔ اس دریافت سے سندھ ہند بارے پوری کالونئیل ہسٹاریوگرافی کے کئی مفروضے تبدیل کرنے پڑ گئے۔

بیسویں صدی کی چوتھی دہائی میں مشہور آرکیالوجسٹ آرل سٹائن نے بیکانیر اور بہاولپور میں کئی آرکیالوجیکل مشن بھیجے اور ان کے اندر جہاں انہوں نے اس ہاکڑا دریا کے بہاو کے ساتھ کئی نئے ویران آبادیاں (ٹھیہڑ اور ہندیرے) دریافت کیے، وہاں اس نے یہ بھی اشارہ دیا کہ یہ سارے ٹھیہڑ تے ہندیرے قدیم وادی سندھ کے ساتھ جُڑے ہوئے ہو سکتے ہیں۔ بیکانیر میں اس نے دیکھا کہ سُوکھے ہوئے ہاکڑا کا 160 کلومیٹر سے زیادہ بہاو (چینل) کا نشان موجود ہے اور اس کی اوسط چوڑائی 3 کلومیڑ سے بھی زیادہ ہے اور کہیں کہیں یہ چوڑائی 6 کلومیٹر سے بھی بڑھ جاتی ہے۔

رل سٹائن بیکانیر سے بہاولپور آیا تو اس نے مشرق میں فورٹ عباس اور مروٹ سے مغرب میں قلعہ دیراوڑ تک آپنی تلاش جاری رکھی۔ یہاں ان کو موہنجودڑو اور ہڑپہ سے دریافت ہونے والی مُہریں جیسے نمونے ملے، اس کو اس وقت کے کئی برتن اور ٹھیکریاں ملیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس نے پہلی دفعہ رحیم یار خان کے ساتھ پتن منارہ دیکھا اور کہا کہ یہ ہاکڑہ کا ایک پتن تھا جہاں سے کشتیاں (بیڑیاں) ایک کنارے سے دوسرے کنارے جاتی تھیں۔

ہندوستان اور پاکستان کی تقسیم کے بعد کچھ مدت کیلئے دریافت کا یہ کام رُک گیا۔ 1950 کی دہائی میں انڈیا آرکیالوجیکل سروے نے انڈین پرائم منسٹر جواہر لال نہرو کو مشورہ دیا کہ وادی سندھ کی بہت سی جگہیں پاکستان میں رہ گئی ہیں۔ اس واسطے یہ لازمی ہے کہ انڈیا میں ہریانہ، راجستھان اور گجرات کے علاقوں میں وادی سندھ کی تہذیب کی نئی جگہیں sites تلاش کی جائیں۔ جواہر لال نہرو نے اس مشورے سے اتفاق کیا۔ جب یہ آرکیالوجیکل سرے شروع ہوا تو ٻہت تھوڑی مدت کے بعد یہ بات ظاہر ہوئی کہ سب سے بڑھ کر آرکیالوجیکل سائٹس پرانے گھگھر ہاکڑے کے بہاو (چینل) کے راستے کے ساتھ ساتھ ہیں۔ اس کام میں اَمل آنندا گھوش اور بھن سوراج دو آرکیالوجسٹ نے بڑا کام کیا۔
ان نئی دریافت شدہ جگہوں sites میں رَکھی گڑھی، سسوال، متاتھل اور بالو سب سے اہم سمجھی جاتی ہیں۔ آگے چل کر ڈھولا ویرا اور گجرات میں کئی اور جگہیں sites بھی دریافت ہوئیں۔ جب کہ راجستھان میں کالی بھنگن پہلے ہی دریافت ہو چکی تھی۔

پاکستان میں آرکیالوجسٹ رفیق مغل نے ستر کی دہائی میں چولستان میں تلاش کا کام کیا۔ اس کام میں انہیں حیرت ہی حیرت ملی۔ کُل ملا کر چولستان میں 363 سے بڑھ کر ہڑپہ سے پہلے اور ہڑپہ دَور کی جگہیںsites ملیں جس میں گنیریوالہ جیسا بڑا شہر بھی شامل ہے جو موہنجودڑو، ہڑپہ اور ڈھولا ویرا کا ہمعصر ہے۔

نوے کی دہائی میں آ کے سیٹلائٹ امیجری، جیو فزکس، جیالوجی اور انڈر گراؤنڈ واٹر ٹیسٹنگ جیسی سائنسی ٹیکنیکس اور کاربن ڈیٹنگ کے میتھڈ کو ملا کر گھگھر ہاکڑا دریا اور اس کی تہذیب کے بارے میں بہت کچھ یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے۔ سیٹلائٹ امیجریز سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ ایک لمبا چوڑا سُوکھا ہوا بیڈ bed گھگھر سے لے کر، بیکانیر سے بہتا ہوا، چولستان سے گُذرتا ہوا، تھر میں داخل ہو جاتا ہے۔ تھر سے کھپرو کے مقام سے یہ اسلام کوٹ کے مشرقی طرف سے ہوتا ہوا رَن آف کچھ میں جا گرتا ہے۔ اس کے کئی چھوٹے بڑے ساتھی بہاو (چینل) اور بھی ہیں۔ ایسے ہی روپر سے ستلج کا ایک سُوکھا ہوا بہاو (واہݨ/ چینل) اِس کے ساتھ آ ملتا ہے جس کے بارے میں اس بات کا گمان ہے کہ کبھی ستلج بھی اس کے اندر مل کے بہتا تھا۔

جیوفزکس، جیو کیمسٹری اور جیالوجی کی ریسرچز بتاتی ہیں کہ گھگھر ہاکڑے کے اس بہاو (واہݨ/ چینل ) میں ایسا میٹریل (راکھ کے رنگ جیسی ریت) ملتی ہے جو کہ “گریٹر ہمالیہ” سے پانیوں کے ساتھ بہہ کر یہاں پر آ موجود ہوا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نو ہزار سال پہلے یہ گھگھر ہاکڑہ ہمالیہ کے گلیشئرز سے پانی لیتا تھا۔ ایسے ہی بھورے پیلے رنگ کی ریت اور پھر بھورے رنگ کی مٹی اس کے الگ الگ سورسز اور پیریڈز periods کا پتا دیتی ہے۔

ایسے ہی 1980 میں ایک جرمن مشن نے چولستان کی پاتال میں بہتے انڈرگراونڈ پانی کا تفصیلی آئیسوٹاپ سروے کیا تو اس سے تصدیق ہوئی کہ یہ میٹھا دریائی پانی ہے جو کہ ہزاروں سالوں سے رِستا رِستا سینکڑوں میٹر پاتال میں پہنچ گیا۔

ن ریسرچز سے کچھ باتیں جو کہ نکھر کر سامنے آتی ہیں، وہ یہ ہیں۔
نو ہزار سال پہلے یہ گھگھر ہاکڑا دریا گریٹر ہمالیہ سے رَن آف کچھ تک ایک الگ دریائی سسٹم کی طرح بہتا تھا۔ ساڑھے چار ہزار سال کے قریب جب کہ میگھالیا پیریڈ کے تحت مون سون سسٹم کمزور ہوا اور اس کا واٹر شیڈ ایریا کم ہو گیا۔ اس وقت روپر کے نزدیک ستلج نے اپنی مݨ بدلی اور وہ اس کے اندر بہنا شروع ہو گیا۔ گھگھر، اپنے ساتھی دریا اور ستلج سے مل کے بہت مدت تک بہتا رہا۔ پھر جب ستلج نے ایک بار اپنی مݨ بدلی اور موجودہ بہاو (چینل) میں بہنا شروع ہو گیا تو یہ دریا ہریانہ تک ایک موسمی دریا بن گیا۔

نئے آرکیالوجیکل سروے کے ساتھ یہ بھی پتہ چلا کہ گھگھر ہاکڑہ۔سرسوتی دریا کے بہاو میں ہند-سندھ کی قدیم تہذیب کی سب سے بڑی جگہیں sites تھیں۔ اگر گھگھر ہاکڑہ کے واہݨ (چینل) پر گجرات کی سائٹس sites کو اکٹھا کیا جائے تو یہ کُل “آرکیالوجیکل سائٹس” کا 60 فیصد بنتے ہیں۔ اس واسطے ٻہت سارے سکارز یہ بھی کہتے ہیں کہ اس قدیم تہذیب کا نام “سندھ سرسوتی تہذیب” ہونا چاہیے۔

آخری اور اہم بات:

گھگھر ہاکڑے کے ساتھ جو ہوا، وہی یہاں کی آبادی کے ساتھ ہوا۔ گھگھر ہاکڑے کا بہاو (واہݨ/چینل) کیا سُوکھا، پوری آبادی ویرانہ (ٹھیہڑ اور ہندیرے) بن گئی۔ کل کی بات کل کے ساتھ ہے۔ آج کی بات یہ ہے کہ ستلج، بیاس اور راوی کے سوکھنے سے اس آبادی کا کیا بنے گا؟ ہو سکتا ہے کچھ مدت کیلئے وادی سندھ اس خسارے کو برداشت کر لے۔ پھر آخرکار (انت میں) انہیں دریاوؤں کے سُوکھنے سے آج کی تہذیب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گی اور اس کا عذاب اگلی کئی صدیوں تک یہاں کے لوگوں کو ہی بھگتنا پڑے گا۔

عابد حمید قریشی سرپرست چولستان پریس کلب رجسٹرڈ اینڈ وائس آف چولستان فاؤنڈیشن رجسٹرڈ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں