282

یوم یکجہتی کشمیر

چوھدری طارق جمیل
ہارون آباد میں بھرپور اور موثر انداز سے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیاجارہا ہے اس حوالہ سے سرکاری و نجی سطح پر اداروں اور تنظیموں نے تقریبات اور ریلیوں کا اہتمام کیا،جماعت اسلامی،تحریک لبیک یارسول اللہ، تائیکوانڈو ایسوسی ایشن ہارون آبادسمیت دیگر تنظمیوں کی جانب سے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں
جس میں کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بینرز اور پلے کارڈز نمایاں رہے بلدیہ ہارون آباد میں ایک تقریب میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم آویزاں کیے گئے اور پرجوش انداز سے سلامی پیش کی گئی. اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد چوہدری محمد طیب کی زیر قیادت ایک ریلی بھی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی فوارہ چوک میں پہنچی جناح ہال میں منعقدہ تقریب میں تقریری مقابلہ جات اور کشمیر کی آزادی کے حوالے سے ترانے پیش کیے گئے اور شرکا نے اظہارِ یکجہتی کا بیمثال نظارہ پیش کیا. اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد چوہدری محمد طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھائیوں کی تاریخ ساز جدوجہد میں ہم سب ان کی اصولی حمایت پر کاربند ہیں اور پاکستان کی کشمیر پالیسی تاریخ کا ایک روشن باب ہے کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کر نے کے لئے ہر ممکن کوشش کی اشد ضرورت ہے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی حق کا راستہ ہے اور بھارتی مظالم کی اندھیری رات بالآخر ختم ہو جائے گی اور آزادی کا روشن آفتاب طلوع ہوکر رہے گا. جبر اور استحصال کے ذریعے حقوق کو ہمیشہ دبایا نہیں جا سکتا اور کشمیری عوام حق آزادی لیکر رہیں گے اور کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ حقیقت کا روپ دھار لے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں