337

محکمہ صحت کی جانب سے14جون سے شروع ہونے والی ٹائیفائیڈ ویکسی نیشن مہم کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کے جناح ہال میں ایک سیمینار

ہارون آباد(عوامی پریس کلب)ہارون آباد محکمہ صحت کی جانب سے14جون سے شروع ہونے والی ٹائیفائیڈ ویکسی نیشن مہم کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کے جناح ہال میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر منظور حسین انجم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہارون آباد ڈاکٹر عامر رضا، ڈی ایس پی گل حسن خان، معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی سعید احمد صدر انجمن فلاح مریضاں و معاشرہ ہارون آباد، سابق ایم ایس ڈاکٹر محمد فاروق احمد، ڈاکٹر محمد انور سکھیرا، ڈاکٹر محمد طیب، صدر بار ایسوسی ایشن ہارون آباد چوہدری غلام نبی سپرا ایڈووکیٹ، مولوی محمد اسلم فریدی سمیت دیگر محکمہ صحت کے افسران و عملہ، علمائے کرام، سکولز سربراہان، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہارون آباد ڈاکٹر عامر رضا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہارون آباد شہر کی 4یونین کونسلز میں 14جون سے شروع ہونے والی ٹائیفائیڈ ویکسی نیشن مہم کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور یہ مہم 26جون 2021تک جا ری رہے گی، مہم کے دوران 9ماہ سے 15سال تک کے 46ہزار 8سو 34بچوں کو ٹائیفائیڈ ٹیکے لگا ئے جائیں گے جس کے لئے 25ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

جبکہ سابق ایم ایس ڈاکٹر محمد فاروق احمد، ڈاکٹر محمد انور سکھیرا و دیگر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیفائیڈ ایک ایسا مرض ہے جو ایسے علاقوں میں بہت تیزی سے پھیلتا ہے جہاں آبادی بہت زیادہ ہو مگر نکاسی آب کا نظام بہتر نہ ہو، اس میں مریض بخار میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

مضر صحت کھانوں، گندے پانی، ہاتھ نہ دھونے اور کئی وجوہات سے اس مرض کے جراثیم انسان کے منہ کے ذریعے آنتوں میں چلے جاتے ہیں جسکے باعث آنتوں میں زخم ہوجاتا ہے اور بخار ہوجاتا ہے، اس مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے والدین اور شہری فعال کردار ادا کریں تاکہ اس موذی مرض سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں