461

پنجاب پولیس میں بھرتی کے سلسلہ میں قد چھاتی کے پیمائش کے مرحلہ کا آغاز


ریجنل پولیس آفس بہاولپور ضلع وہاڑی:

بھرتی میرٹ پر ہوگی،محنت کریں اور اپنی قابلیت پر بھروسہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔آر۔پی۔او محمد زبیر دریشک۔ ضلع وہاڑی میں پنجاب پولیس کی بھرتی کے سلسلہ میں جسمانی پیمائش کا عمل چیئر مین پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ وہاڑی ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور محمد زبیر دریشک کی زیر نگرانی جاری ہے۔ ریکروٹمنٹ بورڈ کے سیکرٹری ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی زاہد نواز مروت اور ممبر بورڈ ایس پی کینٹ کامران کو بنایا گیا ہے۔ آر۔ پی۔ او نے امیدواران سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ بھرتی کے تمام مراحل میں میرٹ کی پالیسی کو اپنایا جائے گا۔ سفارشی حضرات یہ بات اپنے ذہن سے نکال دیں کہ کسی بھی مرحلہ میں وہ سفارش سے کامیاب ہو جائیں گے۔کسی قسم کی سفارش جعلسازی ہرگز قابل قبول نہ ہوگی ایسا کرنے والے امیدواران اور ملوث پائے گئے پولیس اہلکاران کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔اس مقصد کیلئے بھرتی کے تمام کاؤنٹر ز پر ویڈیو کیمرے لگائے گئے ہیں جس سے بھرتی کے عمل کو باقاعدہ شفاف بنانے کے لئے ان کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ محنت کریں اوراپنی قابلیت پر بھروسہ رکھتے ہوئے آگے بڑھیں۔ شکایت کاؤنٹر بنادیا گیا ہے، قد،چھاتی پیمائش کے دوران کسی بھی امیدوار کو کوئی اعتراض ہو تو وہ کاؤنٹر پر آکر اپنا اعتراض دور کر سکتا ہے۔چیئرمین ریکروٹمنٹ بورڈ وہاڑی آر پی او بہاولپور محمد زبیر دریشک نے قد و چھاتی کی پیمائش کے تمام مراحل کا خود جائزہ لیا جبکہ امیدواران سے بھی شفافیت کے حوالہ سے گفتگو کی۔ڈی پی او کی ہدایت پر وہاڑی پولیس لائنز کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔امیدواران کی رہنمائی کے لئے گائیڈ کانسٹیبل کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ کرونا وائرس کی جاری کردہ ایس او پیز کو بھی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مناسب فاصلہ، ماسک اور ہینڈ سینیٹا ئزر کے استعمال کو یقینی بنایا گیا جبکہ دوران چیکنگ پولیس اہلکاران کرونا کٹ میں ملبوس ہیں۔امیدواران کی بائیو میٹرک ویری فیکیشن کے بعد انہیں پنڈال میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔جسمانی پیمائش کے مرحلہ کا عمل 20فروری سے 23فروری تک جاری رہے گا جس کے بعد دوڑ ٹیسٹ کا مرحلہ 25فروری سے 27فروری تک جاری رہے گا جبکہ ریویو بورڈ 28فروری سے یکم مارچ تک ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں