482

ارباب اختیار کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایکشن لیں

ہارون آباد (عوامی پریس کلب ) ہارون آباد میں کم عمر بچوں کا موٹر سائیکل چلانے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، بچوں کے پاؤں موٹر سائیکل کی بریک تک نہیں پہنچ پاتے اوروہ ڈرائیونگ کر رہے ہوتے ہیں، یہ سب خطرناک کھیل ہے اور بعض اوقات جان لیوا ثابت ہوتا ہے، ارباب اختیار کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایکشن لیں، شہریوں کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ایک زمانہ تھا جب والدین بچوں کو خود ہاتھ پکڑ کر ٹرائی سائیکل اور سائیکل چلانا سکھاتے تھے۔ وقت جیسے جیسے گزرتا گیا سائیکل کی جگہ موٹر سائیکل نے لے لی، کسی گھر میں سائیکل کا ہونا امیری کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ بعد میں موٹر سائیکل نے اس کی جگہ لے لی، یہ سواری صرف 2 افراد کیلئے بنائی گئی تھی تاکہ وہ آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرسکیں مگر آج کل موٹر سائیکل گدھا گاڑی بن گئی ہے۔ پوری فیملی اس پر سوار ہوتی ہے۔ میاں بیوی بچوں سمیت سب کو خطرہ لاحق ہوتا ہے مگر لوگ اس کی فکر نہیں کرتے، نوجوان ون ویلنگ جیسے خطرناک کرتب دکھاتے نظر آتے ہیں۔

پولیس بھی بے بس دکھائی دیتی ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر ایک اور خطرہ جس کی طرف کسی نے دھیان نہیں دیا وہ کم عمری میں موٹر سائیکل چلانا ہے بچے گلی محلوں میں بلکہ بڑی سڑکوں پر بھی موٹر سائیکل تیز رفتاری کے ساتھ چلاتے دکھائی دیتے ہیں۔ بعض اوقات دو تین اکٹھے سفر کرتے ہیں۔ بچوں کے پاؤں موٹر سائیکل کی بریک تک نہیں پہنچ پاتے اوروہ ڈرائیونگ کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ سب خطرناک کھیل ہے اور بعض اوقات جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ شہریوں وقاص، سمیر خان، عدن، حذیفہ، عمر و دیگر نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایکشن لیں، والدین کو سختی سے اس کا پابند بنائیں کہ وہ بچوں کو موٹر سائیکل نہ چلانے دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں