196

مسلم لیگ(ضیاء)کے سربراہ محمداعجازالحق کی سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) پاکستان مسلم لیگ(ضیاء)کے سربراہ محمداعجازالحق کی سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال، دونوں جماعتوں کا باہمی سیاسی تعاون پراتفاق، ہیلی کاپٹر حادثے میں اعلیٰ فوجی افسران کی شہادت پر افسوس کااظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیرمحمد اعجازالحق نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اس موقع پر سردار سمیع خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ قومی معیشت روزبروز تباہی کی طرف جارہی ہے، موجودہ حکمرانوں کامقصد صرف این آراو حاصل کرناتھا،

انہوں نے ملکی مفاد اور معیشت کی بہتری کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، صرف فوری اورشفاف الیکشن ہی ملک کو بچانے کاواحد راستہ ہیں۔ عمران خان نے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی کیساتھ میرے اچھے تعلقات تھے، وہ انتہائی قابل فوجی افسر، ایماندار اورنیک انسان تھے۔ انہوں نے حادثے کے تمام شہداکے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبرجمیل کیلئے دعاکی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور سیاسی تعاون پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر اعجازالحق نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے تمام سیاسی راستے بند ہوگئے ہیں تو اب کبھی الیکشن کمیشن اورکبھی عدلیہ کے ذریعے کوئی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ان کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہونگے کیونکہ الیکشن کمیشن کافیصلہ ویساہی ہے جیسے کئی دہائیاں پہلے نیپ پر پابندی لگائی گئی تھی۔

اعجازالحق نے کہاکہ اب دنیا بدل چکی ہے،نہ تو نیپ پر پابندی کارآمد ثابت ہوئی تھی اور نہ ہی اب ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال ملک کو معاشی طورپر مزید تباہی کی طرف لے جارہی ہے، ملک کو اس دلدل سے نکالنے کا واحد حل جلد ازجلد انتخابات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں