217

ڈپٹی کمشنر ذولفقار احمد بھون کی زیر صدارت کپاس کی مارکیٹنگ بارے جائزہ اجلاس

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) ڈپٹی کمشنر ذولفقار احمد بھون کی زیر صدارت کپاس کی مارکیٹنگ بارے جائزہ اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کپاس کے مارکیٹ ریٹ، آمد اور خرید وفروخت کے حوالہ سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے افواہ یا غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام تحصیلوں کی مارکیٹ کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر منڈیوں میں کپاس کی آمد اور خرید و فروخت کا ڈیٹا جاری کریں۔

ڈپٹی کمشنر ذولفقار احمد بھون نے اجلاس کے دوران کہا کہ کپاس ملکی معیشت کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے اور رواں سال کپاس کی بہترین پیداوار کے لیے پنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے کاشتکار کے شانہ بشانہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ کپاس کی بروقت صاف چنائی کو یقینی بنا کر بہترین منافع حاصل کریں۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے تحفظات کے سلسلے میں بتایا کہ محکمہ زراعت کاٹن فیکٹریوں میں کپاس کی آمد، خرید و فروخت، نرخ اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ مانیٹرنگ کرے گا تاکہ مکمل ریکارڈ رکھا جاسکے۔ اس کے علاوہ ایگریکلچر مارکیٹنگ ونگ مقامی منڈیوں میں کپاس کی آمد اورخریدوفروخت کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے روزانہ رپورٹ دے گا۔

انہوں نے پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ اگر کوئی شخص کپاس کی آمد، ریٹ اور دیگر معاملات میں سوشل میڈیا یا کسی اور ذریعے سے افواہ یا غلط خبر پھیلاتے پکڑا جائے تو اس کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس رپورٹ کریں تاکہ سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔اجلاس میں میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد یوسف چھینہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ زراعت (توسیع) کے افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں