196

جامعہ قاسم العلوم فقیروالی میں پیغام پاکستان کانفرنس کا انعقاد۔

ہارون آباد (عوامی پریس کلب) جامعہ قاسم العلوم فقیروالی میں پیغام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان/خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے فرمائی جبکہ کانفرنس کی سرپرستی و میزبانی کے فرائض پیر طریقت مولانا محمد مسعود قاسم قاسمی نے سرانجام دیے،کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام،آئمہ مساجد،انجمن تاجران کے نمائندے،سیاسی وسماجی شخصیات اور اہلیان علاقہ وعوام الناس کثیر تعداد میں شریک تھے،

سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا،پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی،پاکستان اسلام کا قلعہ ہے،اسلام ہمیں امن،اخوت،محبت،یکجہتی،بھائی چارے،احترام انسانیت اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے،پاکستان میں قیام امن کیلئے اتحاد بین المسلمین،قومی یکجہتی اور پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،جس نے دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کردیا ہے،مولانا سید محمدعبدالخبیرآزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے،پاکستان کے استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،علماء کرام منبر ومحراب کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی،رواداری اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں اپنا عظیم کردار ادا کریں،مولانا آزاد نے کہا کہ ہم دشمن کا ایجنڈہ سمجھتے ہیں جسے ہم کامیاب نہیں ہو نے دیں گے۔

ملک دشمن طاقتیں خصوصاََ ہمسایہ ملک بھارت پاکستان کے اتحاد،امن اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتاہے،من حیث القوم ہمیں بید ار رہنا ہوگا،ملک دشمن طاقتیں پاکستان میں انتشار اور بد امنی پیدا کرنا چاہتی ہیں ہمیں ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا،افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں نے قربانیاں دے کر دشمن قوتوں کا ایجنڈا ناکام بنا دیا ہے جسے پوری قوم سلام پیش کرتی ہے،پیغام پاکستان کانفرنس سے علماء کرام،مقررین حضرات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے لوگوں کی اور پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن کو قائم رکھنے کے لیے اپنا عظیم کردار ادا کریں۔

پیغام پاکستان کانفرنس وطن عزیز پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی،قومی یکجہتی،اتفاق و اتحاد اور رواداری کو مضبوط بنانے کیلئے منعقد کی گئی ہے،آج پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں ضرورت ہے کہ اتحادو وحدت کو عام کریں،آج تمام مسالک کے علماء کرام متحد ہیں اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں اور دعاء گوہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن عزیز پاکستان کی حفاظت فرمائے،کانفرنس میں جو علماء کرام و مشائخ عظام،سیاسی وسماجی شخصیات شریک ہوئے کانفرنس کے آخرمیں ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی،استحکام پاکستان،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں