465

ہارون آباد کے لاکھوں شہری صاف پانی کی نعمت سے محروم

ہارون آباد ( عوامی پریس کلب) ہارون آباد کے لاکھوں شہری صاف پانی کی نعمت سے محروم ، شہری بلڈ پریشر ، ہیپاٹاءٹس ، دل اور سکن کی مہلک بیماریوں کا شکار ، سماجی و عوامی حلقوں کا اعلیٰ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ ۔ تفصیلات اڑھائی لاکھ سے زائد آبادی والے شہر ہارون آباد کے عوام کیلئے پینے کے صاف پانی کیلئے نہر ہاکڑہ پر ٹربائنیں نصب کی گئیں لیکن شہر کی آبادی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس وجہ سے موجودہ ٹربائینوں کا پانی نہ کافی ہوچکا ہے ۔

جبکہ پاٰئپ لائن بھی پرانی ہونے سے زنگ آلود ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں پینے کا پانی آلودہ ہو جانے کی وجہ سے شہری صحت کے مسائل سے دوچار ہو رہے ہیں ماضی اور موجودہ دور کی حکومتوں کی جانب سے بھی اس علاقے کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے متعدد بار وعدے اور دعویٰ کیے گئے لیکن وہ پورے نا ہو سکے ۔ زیر زمین پانی آلودہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو صاف پانی میسر نہیں ہے،زیر زمین پانی میں سینکیانک اور نمکیات بڑھنے سے لوگوں میں مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں جن میں بلڈ پریشر، ہیپاٹاءٹس، دل اور سکن کی بیماریاں شامل ہیں اور یہ بہت خطرناک صورتحال ہے ۔

حکومتوں کی جانب سے بھی متعدد بار دعوے کیے گئے کہ ہارون آباد میں صاف پانی کی فراہمی کے لیئے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور متعدد بار صاف پانی کے حوالے سے سروے بھی کیا گیا لیکن اس کے باوجود شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیئے کوئی پراجیکٹ شروع نہ کیا جا سکا ۔ سماجی و عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے علاقہ ہارون آباد کیلئے صاف پانی مہیا کرنے کیلئے آبادی کے تناسب سے نیا میگا پراجیکٹ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں